کاٹھمنڈو ،13؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نیپالی پولیس نے آج ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران کم ازکم223افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں کا تعلق ماؤنواز سیاسی جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے والے دھڑے سے ہے۔ ہڑتال کا اعلان کمیونسٹ پارٹی آف نیپال کے اسی دھڑے کی جانب سے کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں نے توڑ پھوڑ کے علاوہ مختلف مقامات پر دوکانوں کوزبردستی بند کرانے کی کوشش کی تھی۔ نیپالی پولیس کے ترجمان ہیمنٹ ملّا کے مطابق ہڑتالیوں کی توڑ پھوڑ کے دوران کسی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ہڑتال کرنے والے ماؤ نواز گروپ نے سڑکوں کو بلاک کرنے کی بھی کوشش کی جسے پولیس نے تقریباً ناکام بنا دیا۔